روسی ذرائع سے نقل کرتے ہوئے مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ رات اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے شام کے دارالحکومت دمشق پر میزائل داغے۔ شام میں اپوزیشن پارٹیوں میں مصالحت کے روسی مرکز کے نائب سربراہ اولیگ یگوروف نے اس سلسلے میں کہا کہ 17 ستمبر کو رات 00:45 اور 00:55 کے درمیان اسرائیلی فضائیہ کے چار F-16 ٹیکٹیکل لڑاکا طیاروں نے گولان کی پہاڑیوں سے دمشق پر چار کروز میزائل اور دس گائیڈڈ بم داغے، ڈیوٹی پر موجود شامی فضائی دفاعی افواج نے روسی ساختہ Pantsir-S1 اور Buk-M2E ایئر ڈیفنس سسٹم کا استعمال کرتے ہوئے دو میزائلوں اور چھ گائیڈڈ بموں کو مار گرایا۔
قبل ازیں شامی فوج کے ترجمان نے کہا تھا کہ شامی فضائیہ نے حملے کو ناکام کردیا اور زیادہ تر میزائلوں کو مار گرایا تھا۔ رپورٹ کے مطابق اس حملے میں پانچ شامی فوجی مارے گئے۔
شام کے مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ غاصب اسرائیلی حکومت نے ہفتے کی صبح دمشق کے نواحی علاقے پر نئے فضائی حملے کیے ہیں۔
شام کے قومی ٹیلی ویژن نے اطلاع دی ہے کہ ملک کے فضائی دفاع نے دمشق کے جنوب میں صیہونی اسرائیلی حکومت کے حملے کو ناکام بنادیا۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا نے اطلاع دی ہے کہ دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈے اور جنوبی دیہی علاقوں میں بعض مقامات پر اسرائیلی جارحیت میں پانچ فوجی شہید ہو گئے ہیں۔