ترک میڈیا کے مطابق ان کے ملک کے صدر اردوغان نے صدر بشار الاسد سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا تھا کہ اگر شامی رہنما ازبکستان میں منعقد ہونے والے سربراہی اجلاس میں شریک ہوتے ہیں تو وہ ان سے ملنا چاہتے ہیں۔

مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جمعے کے روز ترکیہ کے ایک اخبار حریت کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان نے اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ اگر ان کے شامی ہم منصب بشار الاسد ازبکستان کے شہر سمرقند میں شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے سربراہی اجلاس میں شریک ہوئے تو وہ ان سے ملنا چاہتے تھے۔

 تاہم انہیں بتایا گیا کہ بشار الاسد سمرقند کے سربراہی اجلاس میں شرکت نہیں کر رہے ہیں۔

روزنامہ حریت کی رپورٹ کے مطابق رجب اردوغان نے بشار الاسد کے بارے میں اس خواہش کا اظہار اپنی حکمران اے کے پارٹی کے اجلاس میں کیا، جو پیر کو بند دروازوں کے پیچھے منعقد ہوا۔

ترک روزنامے نے پارٹی کے اجلاس کے دوران کہی گئی رجب اردوغان کی یہ بات نقل کی کہ " کاش اسد ازبکستان آتے، میں ان سے بات کرتا لیکن وہ وہاں نہیں آسکتے"۔

ترک صدر کا مزید کہنا تھا کہ بشار الاسد اپنی طاقت کو برقرار رکھنے کے لیے باغیوں کے ساتھ جنگ کی طرف گئے۔ انہوں نے اپنی طاقت کی حفاظت کا انتخاب کیا۔ انہوں نے اپنے زیر کنٹرول علاقوں کی حفاظت کرنے کا سوچا تھا لیکن وہ وسیع علاقوں کی حفاظت نہیں کر سکے۔

یہ رپورٹ ایسے وقت سامنے آئی ہے کہ جب چار ذرائع نے عالمی ادارے رائٹرز کو بتایا ہے کہ ترکیہ کے انٹیلیجنس سربراہ نے حالیہ ہفتوں میں دمشق میں اپنے شامی ہم منصب سے متعدد ملاقاتیں کیں ہیں۔