مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیاہے کہ پاکستان کی پوری ٹیم مقررہ اوورز میں 147 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی جبکہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نصف سنچری اور افتخار احمد 32 رنز ہی بنا سکے۔
سری لنکا کی جانب سے پراموڈ مدھوسن نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ وینندو ہسرنگا ڈی سلوا نے تین، چمیکا کرونارتنے نے دو اور مہیش تھیکشانا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان بیٹنگ
171 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے بیٹنگ شروع کی تو 22 کے اسکور پر کپتان بابراعظم 5 رنز اور فخر زمان صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد اوپنر محمد رضوان اور افتخار احمد نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 71 رنز بنائے لیکن یہاں افتخار احمد 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
افتخار کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور تمام کھلاڑی یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوتے گئے۔ محمد نواز 6 رنز، محمد رضوان 55 رنز، آصف علی صفر، خوشدل شاہ دو رنز، شاداب خان 8 رنز، نسیم شاہ 4 رنز اور حارث رؤف 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
سری لنکا بیٹنگ
سری لنکن ٹیم نے بیٹنگ شروع کی تو آغاز اچھا نہ رہا، اوپنر کوسل مینڈل صفر پر نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے جس کے بعد وقفے وقفے سے کھلاڑی آؤٹ ہوتے گئے اور 58 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔
اسکے بعد بھانوکا راجا پاکسے اور وینندو ہسرنگا ڈی سلوا نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 58 رنز بنائے اور ٹیم کا اسکور 116 رنز تک پہنچا دیا، یہاں حارث رؤف نے وینندو ہسرنگا ڈی سلوا کو آؤٹ کرکے شراکت ختم کر دی۔ وینندو ہسرنگا ڈی سلوا 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔