مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صہیونی افواج نے آج جمعرات کو علی الصبح مغربی کنارے کے علاقے رام اللہ میں بعض فلسطینی قانونی اداروں اور سول سوسائٹی کی تنظیمیوں کے دفاتر پر دھاوا بولا اور ان کے سامان کو ضبط کر کے انہیں سیل کردیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق غاصب اسرائیلی افواج نے اپنے دھاوے کے دوران آنسو گیس کا استعمال کیا۔ تفصیلات کے مطابق اس حملے کا نشانہ «الضمیر»، «الحق» اور «بیسان» نامی قانونی خدمات فراہم کرنے والے ادارے تھے۔ اسی طرح صہیونی افواج نے خواتین یونین کے دفتر پر بھی دھاوا بولا اور وہاں موجود سامان ضبط کر کے اس ادارے کو دفتر کو سیل کردیا۔
درایں اثنا فلسطین لبریشن آرگنائزیشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سیکریٹری نے اعلان کیا ہے کہ صہیونی افواج کا سول سوسائٹی کے اداروں پر دھاوا بولنا ایک خطرناک اقدام ہے جس کا مقصد عدل و انصاف اور حقیقت و سچائی کی آواز کو دبانا ہے۔
صہیونی افواج کا یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ جب گزشتہ ١۳ جولائی کو یورپی یونین نے اعلان کیا تھا کہ ان ٦ فلسطینی تنظیموں کے ساتھ اپنا تعاون بدستور جاری رکھیں گے جنہیں اسرائیلی حکومت نے دہشتگرد گروہوں کی لسٹ میں ڈال دیا ہے، کیونہ ان تنظیموں کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کے اطمینان بخش دلائل اور ثبوت نہیں ہیں۔