مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے پاکستانی حکومت اور عوام کے نام اپنا تہنیتی پیغام جاری کیا اور ۷۵ ویں یوم آزادی کی مناسبت سے دوست اور ہمسایہ ملک کی حکومت اور عوام کو مبارک باد دی۔
سید محمد علی حسینی نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات کے ۷۵ سالہ ہونے پر یہ کہنا ضروری ہے کہ ایران وہ پہلا ملک تھا جس نے پاکستان کی تشکیل اور آزادی کو رسمی طور پر قبول کیا اور بلاتردید ان سات دہائیوں سے زیادہ عرصے کے دوران دونوں ملکوں کے مابین اچھے اور برادرانہ تعلقات بدستور پائیدار ہیں اور فروغ پا رہے ہیں۔
در ایں اثنا کراچی میں تعینات ایرانی قونصل جنرل حسن نوریان نے پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر مزار قائد میں ہونے والی تقریب میں شرکت کی اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کی۔
قونصل جنرل نے سندھ کے وزیر اعلی سید مراد علی شاہ، اسپیکر آغا سراج درانی، قائم مقام گورنر سندھ اور ملک کے دیگر حکام کو یوم آزادی پر مبارکباد دی۔
نوریان نے کراچی میں قائم ایرانی قونصل خانے کے ٹوئٹر اکاونٹ پر سندھ کے وزیر اعلی سید مراد علی شاہ سے اپنی حالیہ ملاقات کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے تمام پاکستانیوں کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں جو یہ خاص دن منا رہے ہیں۔۔۔ پاک ایران زندہ باد۔
یاد رہے کہ آج 14 اگست کے دن پاکستان کی یوم آزادی کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر یوم آزادی کی سرکاری تقریب منائی گئی جس میں پاکستان کے اعلی سطحی حکام اور دیگر غیر ملکی عہدیداروں نے شرکت کی۔