مہر نیوز ایجنسی نے عالمی میڈیا سے نقل کیاہےکہ آج اتوار کے روز ہونے والی ووٹنگ کے نتیجے میں شنزوابے کی حکمراں لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کی اتحادیوں کے ساتھ توسیع کے امکانات واضح ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ شنزوابے کے قتل کی وجہ سے حکمراں جماعت کی کامیابی کے امکان زیادہ بڑھ گئے ہیں۔ دریں اثنا سابق جاپانی وزیر اعظم شنزوابے کا جسد خاکی دارالحکومت ٹوکیو پہنچا دیا گیا ہے، جہاں ان کی آخری رسومات ادا کرنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ شنزوابے کو دو روز قبل انتخابی مہم کے دوران گولیاں مار کر قتل کردیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 41 سالہ شخص نے دیسی ساختہ بندوق سے قاتلانہ حملہ کیا، جس کے نتیجے میں شنزوابے جانبر نہیں ہو سکے۔ واقعے کے فوراً بعد حملہ آور کو موقع پر موجود اہل کاروں نے حراست میں لے لیا تھا۔ حملہ آور سے متعلق بتایا جا رہا ہے کہ وہ ماضی میں بحریہ کے لیے خدمات انجام دے چکا ہے۔ ملزم نے سکیورٹی اداروں کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ سابق وزیراعظم سے خوش نہیں تھا اور کافی عرصے سے شنزوابے کو قتل کرنے کا منصوبہ بنا رہا تھا۔
اجراء کی تاریخ: 10 جولائی 2022 - 13:57
سابق جاپانی وزیراعظم شنزوابے کو فائرنگ سے قتل کیے جانے کے بعد آج جاپان میں ایوان بالا کے انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے۔