پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ہر خطرے سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

مہر نیوز ایجنسی نے ایکسپریس نیوز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ کراچی میں نیول اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ہرخطرے سے نمٹنےکی صلاحیت رکھتی ہیں، ملکی دفاع مضبوط بنانے پر قوم کو مسلح افواج پر فخر ہے، پاکستان کو فضا اور سمندر میں دھمکانے والوں کو دندان شکن جواب دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ میری ٹائم مفادات کے تحفظ کے لیے بحریہ کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنا اولین ترجیح ہے، دوست ممالک سے مشترکہ منصوبے اس کی صلاحیت میں اضافے کا باعث بنیں گے، ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پاک بحریہ کو تمام ضروری وسائل مہیا کرے گی، پر امن ماحول میں ہی ترقی کا حصول ممکن ہے۔ قائداعظم پاکستان کو دنیا کیلئے رول ماڈل کے طور پر چاہتے تھے، غلطیوں سے سبق سیکھ کر محنت اورلگن سے اپنا مقام حاصل کرسکتے ہیں۔