اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ امیرعبداللہیان نےافغانستان کے عبوری وزیر خارجہ کے ساتھ گفتگو میں افغانستان میں ایران کے سفارتی مقامات کی حفاظت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ امیرعبداللہیان نےافغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی کے ساتھ گفتگو میں افغانستان میں ایران کے سفارتی مقامات کی حفاظت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے اس گفتگو میں افغانستان کے دارالحکومت کابل اور دیگر شہروں میں مساجد پر دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں  اور افغان عوام کے ساتھ  ہمدردی کا اظہار کیا ۔ایرانی وزیر خارجہ نے کابل میں ایرانی سفارتخانہ، قونصلخانہ نیز ہرات، مزار شریف، قندہار اور جلال آباد میں واقع ایرانی قونصلخانوں کی سکیورٹی کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا۔

حسین امیر عبداللہیان نے افغانستان کے عبوری وزير خارجہ کو عید سعید فطر کی مناسبت سے مبارکباد بھی پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور افغانستان کے عوام کے درمیان کسی کو اختلاف ڈالنے کی اجازت نہیںدی جائےگی۔ باہمی گفتگو میں افغانستان کے عبوی وزیر خارجہ امیر خان متقی نے افغانستان میں ایران کے سفارتی مقامات کے تحفظ کی مکمل یقین دہانی کرائی ہے۔