مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ چین اور بھارت کے درمیان سرحدی کشیدگی میں اضافہ ہورہا ہے اور دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے شہریوں کے طویل المدتی ویزے فوری طور پر معطل کردیئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق بھارت نے چین سے آنے والے سیاحوں کے ویزے معطل کر دیئے۔ بھارت نے یہ اقدام چین کی جانب سے بھارتی طلباء کے ویزے معطل کرنے کے بعد اُٹھایا ہے۔
بھارتی اقدام کی تصدیق انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے بھی کی ہے۔ بھارت کی جانب سے سیاحوں کے وہ ویزے بھی معطل کیے گئے ہیں جن کی میعاد دس سال تک تھی۔
اس سے قبل چین نے اُن بھارتی طلبا کے ویزے معطل کردیئے تھے جو چین میں کورونا سامنے آنے کے بعد اپنے ملک چلے گئے تھے اور وہ گھر سے ہی آن لائن کلاسیں لے رہے تھے۔
چین کا مؤقف تھا کہ یہ طلبا دو سال بعد بھی واپس نہیں آئے جب کہ کورونا پابندیاں بھی نرم کردی گئی تھیں۔ ایسے طلبا کی تعداد ہزاروں میں ہے۔