مہر خبررساں ایجنسی نے چینی روزنامہ گلوبل ٹائمز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بِن نے مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن مجید کے نسخوں کو نذر آتش کرنے کے حالیہ واقعے کے بعد سویڈن کو شدید تنقید کا نشانہ بنا تے ہوئے کہا ہے کہ سویڈن کو مسلمانوں کے عقائد کا احترام کرنا چاہیے۔
اطلاعات کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بِن نے اس افسوسناک واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آزادی اظہار کی آڑ میں ثقافتی یا مذہبی امتیاز کو ہوا دینے یا معاشرے میں انتشار پھیلانے کی کوشش نہیں کرنی چایے۔
چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ سویڈن مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتی گروہوں کے مذہبی عقائد کا بھی احترام کرے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سویڈن میں انتہا پسند دائیں بازو اسٹرام کرس گروپ کے رہنما راسمس پالوڈن نے سویڈن کے جنوبی لنکوپنگ شہر میں قرآن پاک کے ایک نسخے کو جلایا تھا جس کے بعد راسمس نے آئندہ ریلیوں میں بھی اس ناپاک عمل کو دہرانے کی دھمکی دی تھی۔
ایران سمیت کئی مسلم ممالک نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے مسلمانوں کے خلاف شدید اشتعال انگیزی قرار دیا ہے۔