مہر خبررساں ایجنسی نے ایکسپریس ٹربیون کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ سری لنکا نے معاشی بحران اور 51 ارب ڈالر کے بیرونی قرضے کے پیش نظر دیوالیہ ہونے کا اعلان کردیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق سری لنکا کے پاس زرِ مبادلہ کے ذخائر ختم ہوچکے ہیں اور ضروری اشیاء کی درآمد بھی نہیں کر پا رہا۔ سری لنکا میں بدترین معاشی بحران جاری ہے اور ملک میں کھانے پینے کی اشیا اور ایندھن کی کمی واقع ہوچکی ہے۔
سری لنکا کی وزارت خزانہ کی جانب سے منگل کے روز جاری کیے جانے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ قرض دہندگان جن میں غیر ملکی حکومتیں بھی شامل ہیں، وہ چاہیں تو اپنے قرضوں پر اپنی مرضی کا سود عائد کرسکتی ہیں یا پھر سری لنکن کرنسی میں اپنے قرض وصول کرسکتی ہیں۔ حکومت یہ قدم آخری حل کے طور پر اٹھا رہی ہے تاکہ ملک کو مزید مشکلات سے بچایا جاسکے۔