پاکستان نے امریکہ کے دھمکی آمیز خط پر اسلام آباد میں امریکی ناظم الامور کو وزارت خارجہ میں طلب کر کے شدید احتجاج کرتے ہوئے احتجاجی مراسلہ پیش کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے جنگ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان نے امریکہ کے دھمکی آمیز خط پر اسلام آباد میں امریکی ناظم الامور کو وزارت خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کرتے ہوئے احتجاجی مراسلہ پیش کیا ہے۔ پاکستان نے امریکی حکام کی جانب سے استعمال زبان اورپاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت پر شدید احتجاج کیا اور وزارت خارجہ کے حکام نے امریکی سفارتکار کو احتجاجی مراسلہ تھما دیا ہے۔ وزارت خارجہ کے حکام نے امریکی سفارتکار کو بتایا کہ پاکستان کے داخلی امور میں امریکہ کی مداخلت ناقابل قبول ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق امریکی سفارتکار کو احتجاجی مراسلہ پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں دیا گیا اور احتجاجی مراسلہ سفارتی چینلز کے ذریعے پیش گیا ہے۔