مہر خبررساں ایجنسی نے جنگ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت بنی گالہ میں ہونے والے سیاسی کمیٹی کے اہم مشاورتی اجلاس میں سندھ میں گورنر راج نہ لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت اجلاس میں وزیرِ داخلہ شیخ رشید نے صوبۂ سندھ میں گورنر راج نافذ کرنے کی سمری پیش کی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں شیخ رشید سمیت 2 وفاقی وزرا ءنے سندھ میں گورنر راج کی حمایت کی، جبکہ ارکان کی اکثریت نے مخالفت کردی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں کہا گیا کہ اکثریت کی رائے ہے کہ سندھ میں گورنر راج نافذ کرنے سے قانونی پیچیدگیاں پیدا ہوں گی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ارکان کی اکثریت کی رائے تھی کہ سندھ میں گورنر راج کے نفاذ سے معاملات مزید خراب ہو سکتے ہیں اس لئے صوبہ سندھ میں گورنر راج نافذ نہیں کیا جائےگا۔