اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ میجر جنرل سلامی نے کہا ہے کہ ایران خلا میں سیٹلائٹ روانہ کرنے والا پہلا اسلامی ملک بن گیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی نے کہا ہے کہ ایران خلا میں سیٹلائٹ روانہ کرنے والا پہلا اسلامی ملک بن گيا ہے۔ میجر جنرل سلامی نے کہا کہ ہم نے دشمن کی اقتصادی پابندیوں کے باوجود اس پر غلبہ پانے کے لئے اس پیچيدہ ٹیکنالوجی کو حاصل کیا اور آج اللہ تعالی کے فضل و کرم  سے ایران پہلا اسلامی ملک ہے جس نے سیٹلائٹ خلا میں روانہ کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ایرانی سرزمین کے فرزندوں نے اسلام اور مسلمانوں کی بالا دستی کے لئے اہم کارنامہ انجام دیا ہے ۔ ایرانی سپاہ کی فضائیہ کے سربراہ برادر عزیزجنرل حاجی زادہ اور سپاہ کے ریسرچ سینٹر کے دیگر کمانڈروں نے دن رات تلاش و کوشش کے بعد سیٹلائٹ خلا میں روانہ کیا ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران خلا میں سیٹلائٹ بھیجنے والا پہلا اسلامی ملک بن گیا ہے ۔ اسلام اور مسلمانوں کی بالا دستی کے لئے ہماری کوششوں کا سلسلہ جاری رہےگا۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے پیشرفت اور پیچیدہ ٹیکنالوجی میں دشمن پر غلبہ حاصل کرلیا ہے اور ہمارا سفر دشمن کی تمام پابندیوں کے باوجود ترقی اور پیشرفت کی سمت جاری رہےگا۔ واضح رہے کہ آج اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی ایئر فورس نے " نور 2" نامی سیٹلائٹ کو کامیابی کے ساتھ مدار میں بھیج دیا ہے۔ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی فضائیہ نے صحرائے شاہرود میں تین مرحلہ سیٹلائٹ قاصد کے ذریعہ " نور 2" نامی سیٹلائٹ کو کامیابی کے ساتھ  500 کلومیٹر کے مدار میں روانہ کردیا ہے۔ اس سیٹلائٹ کا مشن اطلاعات اور تحقیقات پر مبنی ہے۔ یہ سیٹلائٹ 480 سکینڈ میں 500 کلومیٹر کے مدار پہنچ گيا۔