پاکستان کے شہر پشاور میں قصہ خوانی بازار میں واقع شیعہ جامع مسجد اور امامبارگاہ میں نماز جمعہ کے دوران خودکش حملے میں اب تک 57 افراد شہید اور 194 زخمی ہوگئے ہیں، جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے شہر پشاور میں قصہ خوانی بازار میں واقع شیعہ جامع مسجد اور امامبارگاہ میں نماز جمعہ کے دوران خودکش حملے میں اب تک 57 افراد شہید اور 194 زخمی ہوگئے ہیں، جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔

اطلاعات کے مطابق پشاور کے معروف قصہ خوانی بازار کوچہ رسالدار میں واقع جامع مسجد میں ایک خودکش حملہ آور نے مسجد میں داخلے کے دوران ایک پولیس اہلکار کو فائرنگ کرکے شہید کردیا، جس پر دوسرے پولیس اہلکار نے مزاحمت کی تو حملہ آور نے اس پر بھی فائرنگ کردی بعدازاں حملہ آور نے مسجد کے اندر داخل ہوکر پہلے فائرنگ کی پھر خود کو دھماکے اسے اڑالیا۔

دھماکے اور فائرنگ کے سبب اب تک 57 افراد شہید اور 196 زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے فوری بعد پولیس، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور امدادی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئے، امدادی اداروں نے زخمیوں اور لاشوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا۔ بہت سے زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے اور شہداء کی تعداد میں اضآفہ کا خدشہ ہے۔ ادھر پاکستان کے صدرعارف علوی، وزیر اعظم عمران خان ، وزیر داخلہ شیخ رشید اور اپوزیشن رہنماؤں نے پشاور میں شیعہ جامع مسجد اور امامبارگاہ  پرنماز جمعہ کے دوران وہابی دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بھی بے گناہ اور نہتے نمازیوں پر دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔