مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے کیچ علاقہ میں وہابی دہشت گردوں کے حملے میں پاکستانی فوج کے 10 اہلکار جاں بحق ہوگئے ہیں ، جبکہ چاغی اور سریاب میں فائرنگ کے دو واقعات میں 6 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، کیچ کے علاقے میں سکیورٹی فورسز پر حملے میں 10 جوان جاں بحق ہوئے، اور آج سوئی کے مقام پر ہونے والے بارودی دھماکے میں سینیٹر سرفراز بگٹی کے کزن سمیت 3 افراد ہلاک ہوئے۔ جب کہ فائرنگ کے دو واقعات میں اب تک 6 افراد جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر سریاب مل کے قریب ہونے والی فائرنگ میں اب تک 4 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ دو افراد تاحال انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج ہیں۔
پولیس کے مطابق سریاب روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے کار پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی دم توڑ گیا، جب کہ 5 زخمی افراد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا، تاہم دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے 3 مزید افراد دم توڑ گئے۔ فائرنگ کے بعد ملزمان باآسانی فرار ہوگئے۔ پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں اضآفہ ہوگیا ہے۔