مہر خبررساں ایجنسی کی اردو سروس کے مطابق پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں افغانستان کو درپیش مشکلات کو دور کرنے کے سلسلے میں اسلامی تعاون تنظیم " او آئی سی " کے وزراء خارجہ کونسل کا 17 واں اجلاس منعقد ہوا ہے جس میں افغانستان کو درپیش سیاسی ، اقتصادی اور معاشی مشکلات کو دور کرنے کے سلسلے میں غور کیا جائےگا۔
اسلامی تعاون تنظیم اقوام متحدہ کے بعد دوسری بڑی تنظیم
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان بھی اسلامی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لئے پاکستان پہنچ گئے ہیں اور وہ اس اجلاس میں افغانستان کے بارے میں ایران کا مؤقف پیش کریں گے۔ اسلامی تعاون تنظیم اقوام متحدہ کے بعد دوسری بڑی تنظیم ہے جس میں 57 اسلامی ممالک شامل ہیں۔ یہ تنظیم عالم اسلام کو در پیش مسائل اور خاص طور پر مسئلہ فلسطین کو حل کرنے کے سلسلے میں تشکیل پائی تھی ۔ لیکن اس تنظیم کے بعض مؤثر ارکان چونکہ براہ راست امریکہ کی مٹھی میں ہیں لہذا یہ تنظیم مسئلہ فلسطین کے حل کرنے کے سلسلے میں اپنا کردار ادا نہیں کرسکی۔
1974ء کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کی میزبانی پاکستان کررہاہے، پاکستان نے یہ اجلاس افغانستان کے بارے میں طلب کیا ہے لیکن اس اجلاس میں فلسطین کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا جائےگا۔
ایران کے وزیر خارجہ نے پاکستان پہنچنے کے بعد کہا کہ او آئی سی کے وزراء خارجہ کے اجلاس میں افغانستان کے علاوہ فلسطین کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا جائےگا ،ایران اس اجلاس میں افغانستان کے مستقبل کے بارے میں اپنے مؤقف کو پیش کرے گا۔
افغانتسان کو اس وقت فوری طور پر اقتصادی امداد کی ضرورت
افغانتسان کو اس وقت فوری طور پر اقتصادی امداد کی ضرورت ہے۔ افغانستان میں اقوام متحدہ کے اعدادوشمار کے مطابق 38لاکھ افراد خوراک کی شدید قلت کا شکارجبکہ عالمی ادارہ خوراک نے متنبہ کیا ہے کہ 3.2ملین افغان بچے خوراک کی کمی سے متاثر ہیں اورساڑھے 6لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے، او آئی سی وزراء خارجہ غیر معمولی اجلاس میں تمام مسلم امہ یک آواز ہو کر افغانستان میں انسانی صورت حال پر پالیسی اپنائے گی، اور افغان بھائیوں کی مدد کیلیے ٹھوس اقدامات کرنے کی طرف جائیگی۔ افغانستان کو اسلامی تعاون تنظیم کے تمام رکن ممالک کی امداد کی ضرورت ہے۔ اسلامی تعاون تنظیم کے سکریٹری جنرل کے معاون طارق علی کا کہنا ہے کہ افغانستان کو متعدد جنگوں اور بحرانوں کے بعد امن و صلح کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں اسلامی تعاون تنظیم کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
افغانستان میں لاکھوں بچے غذائی قلت کا شکار
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغانستان سے متعلق او آئی سی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں اس وقت لاکھوں بچوں کو غذائی قلت کا سامنا ہے ۔ دنیا کو افغانستان کی مشکلات کو دور کرنے کے لئے اپنا اہم کردار ادا کرنا چاہیے۔