بھارتی شہر امرتسر میں سکھوں کے مقدس ترین مقام گولڈن ٹمپل میں داخل ہوکر بے حرمتی کرنیوالے ایک بھارتی ہندو نوجوان کو مشتعل سکھوں نے ہلاک کردیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے بھارتی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بھارتی شہر امرتسر میں سکھوں کے مقدس ترین مقام گولڈن ٹمپل میں داخل ہوکر بے حرمتی کرنیوالے ایک بھارتی ہندو نوجوان کو مشتعل سکھوں نے ہلاک کردیا ہے۔ بھارت کی شرومنی گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے ایک اہم رہنما کا کہنا ہے کہ یہ افسوس ناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب گولڈن ٹمپل میں گورو گرنتھ صاحب کا پاٹھ کیا جارہا تھا۔ اس دوران ایک ہندونوجوان جنگلہ پھلانگ کر پالکی صاحب کے قریب پہنچا اور مبینہ طور پر گوروگرنتھ صاحب اور مقدس استھان کی بے حرمتی کی۔ گولڈن ٹمپل کے خدمت گاروں اور سکیورٹی عملے نے اس شخص کو پکڑ لیا تاہم جب اسے باہر لیکر آئے تو مشتعل ہجوم نے اسے تشدد کانشانہ بناتے ہوئے ہلاک کردیا۔  ہلاک ہونیوالے کا تعلق یوپی سے بتایا جارہا ہے،اس کے نام کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ مقامی پولیس اب اس واقعہ کی تحقیق کررہی ہے، مرنے والے کی عمر 24 سال کے لگ بھگ تھی۔