نیوزی لینڈ کو 8 وکٹ سے شکست دے کر آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا نیا چیمپئن بن گیا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ نیوزی لینڈ کو 8 وکٹ سے شکست دے کر آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا نیا چیمپئن بن گیا۔  اطلاعات کے مطابق دبئی میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سب سے بڑے اور آخری معرکے میں نیوزی لینڈ نے کپتان کین ولیمسن کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر 172 رنز بنائے جس کے جواب میں آسٹریلیا نے مطلوبہ ہدف ایک اوور پہلے ہی صرف 2 وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔ آسٹریلیا کے آل راؤنڈر مچل مارش کو مین آف دی میچ سے نوازا گیا جب کہ ڈیوڈ وارنر کو ٹورنامنٹ میں 289 رنز بنانے پر مین آف دی سیریز سے نوازا گیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے کپتان ایرون فنچ 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے لیکن ڈیوڈ وارنر اور مچل مارش نے 92 رنز کی اہم شراکت قائم کرکے میچ نیوزی لیںڈ سے دور لے گئے، دونوں بلے بازوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔

ڈیوڈ وارنر 53 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تاہم مچل مارش وکٹ پر ڈٹے رہے اور 77 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جب کہ گلین میکسوئل بھی 28 رنز پر ناقابل شکست رہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے دونوں وکٹیں ٹرینٹ بولٹ نے حاصل کیں۔