اسلامی جمہوریہ ایران اور روس کے وزراء خارجہ نے ٹیلیفون پر گفتگو میں مشترکہ ایٹمی معاہدے کے بارے میں گفتگو اور تبادلہ خیال کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزير خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے ٹیلیفون پر گفتگو میں مشترکہ ایٹمی معاہدے ، دو طرفہ تعلقات ، علاقائی اور عالمی امور کے بارے میں گفتگو اور تبادلہ خیال کیا ہے۔ روسی وزير خارجہ نے ایرانی وزير خارجہ کی احوال پرسی بھی کی۔ اطلاعات کے مطابق دونوں ممالک کے وزراء خارجہ  نے مشترکہ ایٹمی معاہدے کو اصل شکل میں برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے مشترکہ ایٹمی معاہدے کے بارے میں روس کے مثبت اقدام کی بھی تعریف کی۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ویانا میں آئندہ مذاکرات میں ہم اپنے حقوق اور مطالبات کے حصول کا پیچھا کریں گے۔

حسین امید عبداللہیان نے کہا کہ ایران کا بین الاقوامی ایٹمی ایجنسی کے ساتھ تعاون کا سلسلہ بھی جاری رہےگا۔

روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ روس کو امریکہ کے تخریبی اقدامات  پر تشویش رہی ہے امریکہ کو اپنے وعدوں پر عمل کرنا چاہیے اور مشترکہ ایٹمی معاہدے کے سلسلے میں امریکہ کی غلطیاں دنیا کے سامنے ہیں۔ ایران اور روس کے وزراء خارجہ نے افغانستان میں قیام امن کے سلسلے میں جامع اور ہمہ گیر حکومت کی تشکیل پر بھی زوردیا ۔