اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے پر یہودی آباد کاروں کے لیے مزید گھر تعمیر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے فلسطین الیوم کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے پر یہودی آباد کاروں کے لیے مزید گھر تعمیر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

اطلاعات کے مطابق اسرائیل کی بر سر اقتدار آنے والی نئی حکومت نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقبوضہ مغربی کنارے پر مزید 13 سو سے زائد گھروں کی تعمیر کی اجازت دے دی ہے۔

اسرائیل کی وزارت تعمیرات کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق مغربی کنارے پر یہودی آبادیوں یہودہ اور سامرہ میں 1355 گھروں کی تعمیر کا ٹینڈر بھی شائع کرادیا گیا ہے، وزارت کے بیان کے مطابق یہودیوں کے نئے گھر 7 بستیوں میں تعمیر کیے جائیں گے۔ تاہم ان گھروں کی تعمیر کے لیے وزارت دفاع کی حتمی منظوری رواں ہفتے متوقع ہے۔

اسرائیلی وزارت دفاع نے رواں سال اگست مغربی کنارے پر آبادکاروں کو مجاز کرنے کا عندیہ ظاہر کیا تھا، اور نئی آبادی کاری کے بعد مقبوضہ مغربی کنارے پریہودی آباد کاروں کے گھروں کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز کر جائے گی۔