دبئی میں کھیلے جارہے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سب سے بڑے معرکے میں بھارت نے پاکستان کو جیت کے لیے 152 رنز کا ہدف دیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ دبئی میں کھیلے جارہے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سب سے بڑے معرکے میں بھارت نے پاکستان کو جیت کے لیے 152 رنز کا ہدف دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق پاکستانی بولرز نے نپی تلی بولنگ کرتے ہوئے بھارتی بلے بازوں کو کھل کر بیٹنگ کرنے کا موقع نہیں دیا جس کے باعث بھارتی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 151 رنز بنائے۔

اس سے قبل میچ کا ٹاس پاکستانی ٹیم کےکپتان بابراعظم نے جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ بھارت کی جانب سے کے ایل راہل اور روہت شرما نے اننگز کا آغاز کیا تاہم شاہین آفریدی نے پہلے اوور میں روہت شرما کو کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس بھیجا اور اپنے دوسرے اوور میں راہول کو بھی صرف 3 رنز پر بولڈ کردیا۔

ویرات کوہلی نے سوریا کمار یادو کے ساتھ ملکر اسکور بورڈ کو آگے بڑھانا شروع کیا تاہم محمد رضوان نے حسن علی کی گیند پر 11 رنز بنانے والے یادوو کا شاندار کیچ پکڑ کر ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

ویرات کوہلی نے رشپ پانٹ کے ساتھ ملکر 38 گیندوں پر 50 رنز کی اہم شراکت قائم کی تاہم پانٹ 30 گیندوں پر 39 رنز بنانے کے بعد شاداب خان کا شکار بن گئے، رویندرا جڈیجا 13 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ہارڈک پانڈیا صرف 11 رنز بناسکے۔

کپتان ویرات کوہلی نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 45 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی اورتاہم شاہین نے انہیں 57 رنز پر پویلین واپس بھیج دیا۔ پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 3، حسن علی نے 2، حارث رؤف اور شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔