مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کے ساتھ گفتگو میں اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ علا ء الدین بروجردی نے کہا ہے کہ ایران اور سعودی عرب کے تعلقات خطے کے مفادات میں ہیں، اسلامی ممالک کو مغرب کی تفرقہ انگیز پالیسیوں کے بارے میں ہوشیار رہنا چاہیے۔
ایرانی پارلیمنٹ کی سلامتی کمیٹی کے سربراہ نے ایران کے ہمسایہ اور اسلامی ممالک کے ساتھ تعلقات کو اہم قراردیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی خارجہ پالیسی ہمسایہ اور اسلامی ممالک کے ساتھ مضبوط اور مستحکم تعلقات برقرار کرنے پر استوار ہے۔
بروجردی نے کہا کہ عراق کے وزیر اعظم ایران اور سعودی عرب کے درمیان ثالثي اور وساطت کا کردار ادا کررہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔
علاء الدین بروجردی نے کہا کہ جیسا کہ ایران کے وزير خارجہ نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے تعلقات دونوں ممالک کے قومی مفادات کے تحفظ کے لئے اہم ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط اور مستحکم تعلقات کا خطے پر مثبت اثر مرتب ہوگا۔
بروجردی نے کہا کہ امریکہ، اسرائیل اور برطانیہ کی پالیسیاں ہمیشہ اسلام اور مسلمانوں کے خلاف رہی ہیں اور آج بھی مذکورہ ممالک اسلامی ممالک میں تفرقہ انگير پالیسیوں کو فروغ دینے پر کمر بستہ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کو مغربی ممالک کی فتنہ انگیز پالیسیوں کے بارے میں ہوشیار رہنا چاہیے۔