مہر خبررساں ایجنسی نے العالم کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ نائجیریا کے شہر ابوجا میں نائجیریا کی سکیورٹی فورسز نے حضرت امام حسین (ع) کے چہلم کے دن حسینی عزاداروں پر حملہ کرکے 3 عزاداروں کو شہید اور متعدد کو زخمی کردیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق نائجیریا کی سکیورٹی فورسز نے ابوجا شہر میں اربعین کے دن حسینی عزاداروں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 3 عزادار شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔
مہر کی رپورٹ کے مطابق سن 2015 میں بھی نائجیریا کی ظالم و جابر حکومت نے حسینیہ صاحب الزمان (عج) پر حملہ کرکے 2 ہزار سے زائد عزاداروں کو شہید اور زخمی کردیا تھا اور نائجیریا کے شیعوں کے سربراہ شیخ زکزاکی کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا تھا۔ اس کے بعد نائجیریا کی فوج نے حسینیہ بقیۃاللہ پر حملہ کرکے شیخ زکزاکی کو شدید زخمی کیا جس کے نتیجے میں شیخ زکزاکی کی ایک آنکھ ختم ہوگئی جبکہ دوسری آنکھ کی بینائی بھی کافی ضعیف ہوگئی ہے۔ نائجیریا کی حکومت کے ظلم و جبر کے تحت شیخ زکزاکی 6 سال تک نائجیریا کی جیل میں قید رہے اور 6 سال بعد نائجیریا کی اعلی عدالت نے شیخ زکزاکی کا تمام جعلی مقدمات سے باعزت بری کردیا۔ نائجیریا کے شیعہ مسلمانوں کے خلاف نائجیریا کی ظالم اور یزیدی حکومت کے ظلم و ستم کا سلسلہ جاری ہے۔