اسلامی تعاون تنظیم " او آئی سی " نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کی قراردادوں کےمطابق حل ہونا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے جنگ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم " او آئی سی " نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کی قراردادوں کےمطابق حل ہونا ہے۔ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی سائیڈ لائنز پر سیکریٹری جنرل او آئی سی کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ 

اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس میں کہا گیا کہ جموں و کشمیر تنازع پر او آئی سی رابطہ گروپ کے وزرائے خارجہ کا اجلاس ہوا۔ 

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں جموں و کشمیر تنازع پر او آئی سی کے موقف کا اعادہ کیا گیا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ اجلاس میں اس عزم کو دہرایا گیا کہ جموں و کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے، مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا ہے۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کا عزم دہرایا گیا، مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا حصول ناممکن ہے۔

اعلامیے کے مطابق او آئی سی نے بھارت کے 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اقدام اورغیر کشمیریوں کو کشمیر کے ڈومیسائل جاری کرنے کو بھی مسترد کردیا۔