مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے تمام چھوٹے و بڑے شہروں اور دیہاتوں میں صبی پروٹوکول کی رعایت کے ساتھ یوم عاشورمذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے اس موقع پرمجالس عزآ کا اہتمام اور جلوسہائے عزا برآمد کئے جارہے ہیں۔ حضرت امام حسین (ع) اوران کے بہترساتھیوں کی اسلام کی سربلندی اور حق و صداقت کیلیے میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں کراچی سمیت ملک بھر میں آج یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔
یوم عاشور کے موقع پر پاکستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں میں شبیہہ ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد کئے جارہے ہیں، مرکزی امام بارگاہوں سے نویں اور دسویں محرم کی درمیانی شب برآمد ہونیوالے مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے اپنی منزل مقصود پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوں گے جس کے بعد شام غریباں برپا کی جائےگی۔
وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی طرف سے سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں، ماتمی جلوسوں کے روٹس پر 9 محرم الحرام کی طرح آج یوم عاشور پر بھی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی جبکہ روٹس اور اطراف میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل رکھی جائیگی۔
ملک بھر میں امن وامان کو یقینی بنانے کی غرض سے پولیس کے ساتھ پاک فوج ، رینجرز اور ایف سی کے دستے بھی حفاظتی ڈیوٹیوں پر تعینات ہیں، بعض مقامات پر جلوسوں کی فضائی نگرانی بھی کی جائیگی۔