مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ برطانوی حکومت نے پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی ویزا توسیع کی درخواست مسترد کردی ہے۔
اطلاعات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف نے چھ ماہ قیام کی مدت ختم ہونے پر برطانوی حکومت کو میڈیکل گراونڈز پر ویزے میں توسیع کی درخواست دی تھی تاہم برطانوی امیگریشن حکام نے اسے مسترد کردیا ہے۔ ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کے ویزے میں مزید توسیع سے برطانوی محکمہ داخلہ نے معذرت کی ہے، برطانوی محکمہ داخلہ کے فیصلے میں لکھا ہے کہ نواز شریف اس فیصلے کے خلاف امیگریشن ٹریبونل میں اپیل کرسکتے ہیں۔ امیگریشن ٹریبونل میں دائر اپیل اگر مسترد ہوگئی تو سابق وزیر اعظم کو گرفتار کرکے پاکستان کے حوالے کیا جاسکتا ہے۔