مہر خبررساں ایجنسی نے غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بنگلہ دیش میں دلہن کو لینے جانے والے باراتیوں پر آسمانی بجلی گر گئی جس کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ دلہا زخمی ہے۔
اطلاعات کے مطابق بنگلہ دیش کے شہر شب گنج میں باراتی کشتی میں سوار ہو کر دوسرے گاؤں جا رہے تھے کہ تیز بارش کے باعث کشتی سے اتر کر دریا کنارے کھڑے ہوگئے۔ اسی دوران آسمانی بجلی باراتیوں پر گرگئی۔
آسمانی بجلی گرنے سے 16 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ دلہا شدید زخمی ہے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں دلہا کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ حادثے کے باعث شادی کے گھر میں صف ماتم بچھ گئی اور دلہن خبر سنتے ہی بے ہوش ہوگئی۔
بنگلہ دیش میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ ہفتے کاکس بازار کے علاقے میں بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے 6 روہنگیا پناہ گزین سمیت 20 افراد ہلاک اور درجنوں خاندان بے گھر ہوگئے تھے۔
بنگلادیشن میں ہر سال آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں 200 افراد ہلاک ہوجاتے ہیں جن میں اکثریت کسانوں کی ہوتی ہے جو کھلے میدان میں کام کرنے کی وجہ سے آسمانی بجلی کا شکار بن جاتے ہیں۔