مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ کے باعث ایک بار پھر شادی ہالزاور تعلیمی ادارے بند کردیئے گئے ہیں۔ جب کہ بازاروں کے اوقات کار شام چھ بجے تک ہوں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت کورونا وائرس سے متعلق صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ایک بار پھرکورونا کے بڑھتے ہوئے اعدادوشمار کے پیش نظربڑے فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں پیرسے تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم امتحانات اپنے شیڈول کے مطابق ہوں گے۔ شادی ہال اور دیگر تقریبات پر پابندی عائد ہوگی، ریسٹورنٹس میں انڈور اور آؤٹ ڈور ڈائننگ دونوں بند کردی گئیں، صرف ٹیک اووے کی اجازت ہوگی۔
اجلاس میں مزید فیصلہ کیا گیا کہ کریانہ، بیکری اور فارمیسی کھلی رہیں گی تاہم شاپنگ مالز، مارکیٹ صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک کھلے رہیں گی۔
اجلاس میں درگاہیں بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سرکاری اور نجی سیکٹر میں 50 فیصد اسٹاف حاضر ہوگا، وزیٹر کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ ان تمام فیصلوں پر پیر سے عمل درآمد کرایا جائے گا۔ واضح رہے کہ پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے 23 ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔