مہر خبررسان ایجنسی نے بھارتی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بھارتی شہر ممبئی میں گزشتہ دو روز میں 250 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر اب تک 42 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ممبئی میں بارشوں کے آغاز سے اب تک ہلاک ہونے والوں کی تعداد 42 ہوگئی جب کہ زخمیوں کی تعداد 100 سے تجاوز کرگئی ہے۔
ریکارڈ بارشوں کے بعد شہر بھر میں بارش ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ کئی کلومیٹر تک پٹڑیاں زیر آب آنے کے باعث ٹرین سروس معطل ہوگئی ہیں جب کی دیگر ذرائع آمد و رفت بھی دستیاب نہیں۔ شہریوں کو کافی پریشانی کا سامنا ہے۔
کسی ممکنہ حادثے کے پیش نظر میونسپل اداروں اور فائر بریگیڈ کو الرٹ کردیا گیا ہے جب کہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ سڑکوں پر جگہ جگہ درخت اور بل بورڈز گرے ہوئے ہیں اور بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کی مزید بارشوں کی پیشن گوئی کے بعد مقامی انتظامیہ نے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی تاکید کی ہے۔