مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق قطر کے دارالحکومت دوحہ میں افغانستان کی کشیدہ صورتِ حال پر افغان حکومتی وفد اور طالبان کے درمیان مذاکرات کا آغاز ہوگیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق طالبان وفد کی سربراہی ملا عبدالغنی برادر کر رہے ہیں، جبکہ افغان حکومت کے وفد کی سربراہی عبداللّٰہ عبداللّٰہ کر رہے ہیں۔
افغان سیاسی وفد میں عبداللّٰہ عبداللّٰہ کے علاوہ محمد کریم خلیلی، عطاء محمد نور، معصوم ستانک زئی، سلام رحیمی، فاطمہ گیلانی، سعادت منصور نادری شامل ہیں۔افغان حکومت کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ افغانستان میں امن چاہتے ہیں، توقع ہے کہ مذاکرات نتیجہ خیز ہوں گے۔
ادھر طالبان وفد کے سربراہ ملا عبدالغنی برادر کا کہنا ہے کہ ہم مذاکرات کو کامیاب بنانے کی تلاش و کوشش کررہے ہیں کیونکہ افغان عوام گذشتہ 4 عشروں سے خانہ جنگی سے تنگ آچکے ہیں۔ افغان حکومت کے وفد کے سربراہ عبداللہ عبداللہ نے کہا کہ افغان حکومتی وفد کو تمام سیاسی احزاب کی حمایت حاصل ہے اور افغان حکومتی وفد بااختیار ہے۔