مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ کینیڈا میں قیامت خیز گرمی سے نظامِ زندگی درہم و برہم ہو گیا ہے، کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں جمعہ سے اب تک گرمی سے مرنے والوں کی تعداد 233 ہو گئی ہے۔ کینیڈا کے حکام نے اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ تاریخ میں پہلی بار سرد ترین علاقے میں درجہ حرارت 49 اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا ہے۔
ذرائع کےمطابق صرف برٹش کولمبیا کے شہر وینکوور میں 69 اچانک اموات رپورٹ ہوئیں۔ گرمی سے ہلاک ہونے والے افراد میں زیادہ تر بوڑھے اور بیمار شامل ہیں۔ شدید گرمی سے نظامِ زندگی متاثر ہوا ہے جبکہ گرمی کا 126 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ کینیڈا میں مزید کئی روز تک شدید گرمی کی لہر جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔