برسلز میں کشمیر کونسل ای یو نے ایک سیمینار منعقد کیا ، جس میں مقررین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کو جموں و کشمیر کی علاقائی حیثیت بدلنے اور آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی اجازت نہ دے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے جنگ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ برسلز میں کشمیر کونسل ای یو نے ایک سیمینار منعقد کیا ، جس میں مقررین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کو جموں و کشمیر کی علاقائی حیثیت بدلنے اور آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی اجازت نہ دے۔

سیمینار کے شرکاء نے 30 سال قبل 11 جون کو چھوٹا بازار سری نگر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے افراد کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

مقررین نے مودی سرکار کی طرف سے جموں کو کشمیر سے الگ کرنے کے منصوبے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ جموں کو الگ کرنے کی سازش عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، خاص طور پر یہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے جن میں جموں و کشمیر کے تمام علاقوں میں رائے شماری کے ذریعے اس خطے کی تقدیر کا فیصلہ کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے سیمینار کی صدارت کی اور اپنے خطاب میں کہاکہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی بلکہ تحریک آزادی کشمیر کے لیے ان کا مشن اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گا۔

علی رضا سید نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں پر ظلم و ستم بند کروانے اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔