مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدارتی انتخابات کے میدان میں موجود 7 امیدواروں نے پہلے ٹی وی مناظرے میں اپنے اپنے اقتصادی پروگرامزاور نظریات پیش کئے۔
اطلاعات کے مطابق مجموعی طور پر اقتصادی مسائل کے بارے میں 21 سوالات پیش کئے گئے جن کے بارے میں ایران کے تیرہویں صدارتی انتخابات میں شریک امیدواروں نے اقتصادی حوالے سے اپنے اپنے نظریات پیش کئے۔ مناظرات کا آغاز سہ پہر 5 بجے ہوا ۔ ٹی وی مناظرے میں ایران کے تیرہویں صدارتی انتخابات کے امیدواروں آیت اللہ رئیسی، محسن رضائی، قاضی زادہ ہاشمی، سعید جلیلی ، مہر علی زادہ، علی رضا زاکانی، عبدالناصر ہمتی نے حصہ لیا اور ایران کو درپیش اقتصادی چیلنجوں کے بارے میں اپنے نظریات کا اظہار کیا۔
ایران کے تیرہویں صدارتی انتخابات کے اکثر امیدواروں نے اقتصادی حوالے سے ملک کی داخلی اور اندرونی توانائیوں اور صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کے سلسلے میں تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ایران اقتصادی حوالے سے اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اس سلسلے میں ہمیں اندرونی پیداوار پر زیادہ سے زیادہ توجہ مبذول کرنی چاہیے ۔ اقتصادی مسائل اور مشکلات کو حل کرنے کے سلسلے میں باہر دیکھنے کے بجائے ہمیں ملکی توانائیوں اور صلاحیتوں کو بروی کار لانا چاہیے۔