فلسطینی تنظیم حماس کی خارجہ پالیسی کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے رہبر معظم انقلاب اسلامی کے بین الاقوامی امور کے مشیر ڈاکٹر علی اکبر ولایتی اور جامعہ الازہر کے شیخ احمد طیب کے ساتھ ٹیلیفون پرفلسطین کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے فلسطین کے اطلاع رسانی سینٹر کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ فلسطینی تنظیم حماس کی خارجہ پالیسی کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے رہبر معظم انقلاب اسلامی کے بین الاقوامی امور کے مشیر ڈاکٹر علی اکبر ولایتی اور جامعہ الازہر کے شیخ احمد طیب کے ساتھ ٹیلیفون پرفلسطین کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں  گفتگو اور تبادلہ خیال کیا ہے۔

اسماعیل ہنیہ نے جامعہ الازہر کے شیخ احمد طیب کے ساتھ گفتگو میں فلسطینی عوام کی استقامت، پائداری ، مسجد الاقصی اور دینی مقدسات کی حمایت پر تاکید کی۔

حماس کے سیاسی شعبہ کے سربراہ نے فلسطینی عوام کی حمایت پر جامعہ الازہر کے شیخ احمد طیب کا شکریہ ادا کیا۔

اسماعیل ہنیہ نے رہبر معظم انقلاب اسلامی کے بین الاقوامی امور کے مشیر ڈاکٹر علی اکبر ولایتی کے ساتھ بھی فلسطین اور غزہ کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ۔ ہنیہ نے کہا کہ اسرائیل کے بزدل فوجی غزہ میں عام شہریوں ، بچوں اور خواتین کو اپنی بربریت اور جارحیت کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ ہنیہ نے فلسطینی عوام کی استقامت پر تاکید کرتے ہوئے ایران کی حمایت پر بھی شکریہ ادا کیا۔