مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے نطنز حادثے میں اسرائیل کے ملوث ہونے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل سے نطنز حادثے کا انتقام لیا جائےگا۔ انھوں نے کہا کہ نطنز میں ناخوشگوار واقعہ رونما ہوا ، اس حادثے کے پیچھے بھی اسرائیل کا ہاتھ نمایاں ہے ۔ اسرائیل کو دہشت گردانہ اقدامات کا تاوان ادا کرنا پڑےگا ، انھوں نے کہا کہ خوش قسمتی سے اس حادثے میں کوئی نقصان نہیں ہوا ۔ انھوں نے کہا کہ دشمن ایران کی پرامن ایٹمی سرگرمیوں کو روکنے کی تلاش و کوشش کررہا ہے لیکن اسے ہمیشہ کی طرح شکست اور ناکامی کا سامنا ہے۔ ایران ترقی اور پیشرفت کی سمت گامزن ہے۔
سعید خطیب زادہ نے ویانا مذاکرات کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ویانا میں مذاکرات صرف امریکی پابندیوں کے خاتمہ کے سلسلے میں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مشترکہ ایٹمی معاہدے میں امریکہ کی واسی کے بارے میں ایران کا مؤقف واضح ہے۔ امریکہ اگر مشترکہ ایٹمی معاہدے میں واپس آنا چاہتا ہے تو اسے ایران کے خلاف مشترکہ ایٹمی معاہدے کی روشنی میں تمام پابندیوں کو ختم کرنا ہوگا۔