مہر خبررساں ایجنسی نے المیادین کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ عراق کے مقدس شہر نجف اشرف میں آج عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسیس نے شیعہ مسلمانوں کے دینی مرجع آیت اللہ سیستانی کے ساتھ ملاقات کی اس ملاقات میں فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے مصائب کو دور کرنے پر زوردیا گیا۔
آیت اللہ سیستانی کے دفتر کے اعلامیہ کے مطابق دونوں مذہبی رہنماؤں نے اس ملاقات میں عصر حاضر میں عالم انسانیت کو درپیش چيلنجوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
اعلامیہ کے مطابق بہت سے ممالک خاص طور پر فلسطین میں مسلمان مصائب ، ظلم و تشدد ، اقتصادی اور سماجی محاصرے ، جنگ و عدم آزادی اور عدم انصاف کی وجہ سے رنج اور مصیبت میں مبتلا ہیں۔ دینی اور مذہبی رہنماؤں کو اپنی ذمہ د اریوں پر عمل کرتے ہوئے دنیا کو مصائب اور آلام سے نجات دلانے کے سلسلے میں تلاش و کوشش کرنی چاہیے۔ اس ملاقات میں تمام ادیان کے ماننے والوں کو باہمی احترام کے ساتھ مشترکہ زندگی بسر کرنے کی سفارش کی گئی۔ یہ ملاقات نجف اشرف میں شیعہ دینی مرجع آیت اللہ سیستانی کے گھر پر منعقد ہوئی ۔ واضح رہے کہ کیتھولک عیسائی رہنما پوپ فرانسیس اور شیعہ دینی مرجع آیت اللہ سیستانی کی نجف اشرف میں ملاقات کو تاریخی ملاقات قراردیا جارہا ہے۔