مہر خبررساں ایجنسی نے ایسوسی ایٹڈ پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکہ میں جاری الیکشن مہم کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پیغام رسانی کے لیے استعمال کی جانے والی ویب سائٹ پر سائبر حملہ کیا گیا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے الیکشن مہم کے کمیونیکیشن ڈائریکٹر ٹِم مورٹو کے مطابق گزشتہ شام صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ویب سائٹ پر حملہ کیا گیا تھا جس پر تاحال قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے کام جاری ہے۔
کمیونیکیشن ڈائریکٹر ٹم مورٹو کے مطابق ویب سائٹ بحال کر دی گئی ہے جبکہ سائبر حملہ کرنے والے ذرائع سے متعلق تفتیش جاری ہے ۔
کمیونیکیشن ڈائریکٹر ٹم مورٹو کے مطابق سابئر حملے کے دوران حساس معلومات محفوظ رہیں کیونکہ ویب سائٹ پر حساس معلومات شیئر نہیں کی گئی تھیں۔ واضح رہے کہ 3 نومبر کو ہونے والے امریکی الیکشن سے متعلق امریکہ میں اس دوران الیکشن مہم جاری ہے جس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور جوبائیڈن صدارت کے لیے امید وار ہیں ۔