مہر خبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ فرانس میں کورونا کی دوسری لہر نے مزید شدت اختیار کر لی ہے جبکہ ایک ہی دن میں مزید 41 ہزار سے زائد نئے مریض سامنے آگئے ہيں۔
فرانس میں اب تک کورونا وائرس کے مریضوں کی کل تعداد 9 لاکھ 99 ہزار تک جا پہنچی۔
ادھر برطانیہ میں کورونا سے مزید 189 افراد ہلاک ہوگئے اور 81 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آگئے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ صرف انگلینڈ میں کورونا کے اصل کیسز کی روزانہ تعداد 90 ہزار تک ہے۔ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے تسلیم کیا ہے کہ ٹیسٹ اور مشتبہ افراد کو ٹریس کرنے کا عمل بہتر بنانا ہوگا۔
ادھر بھارت میں کورونا کی شدت میں پہلے کی نسبت کمی آگئی ہے مگر امریکہ میں کورونا کی شدت برقرار ہے جبکہ اسپین میں بھی مزید 20 ہزار سے زائد نئے مریض سامنے آگئے۔
کورونا کا شکار بیلجیئم کی وزیر خارجہ سوفی ولمس کی طبیعت بگڑنے پر انتہائی نگہداشت وارڈ منتقل کردیا گیا ہے جبکہ پرتگالی فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کا دوسرا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا۔