آذربائیجان اور آرمینیا نے ایک اور عارضی جنگ بندی کا اعلان کیا ہے جس پر مقامی وقت کے مطابق رات 12 بجے عمل درآمد ہو گا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ آذربائیجان اور آرمینیا نے ایک اور عارضی جنگ بندی کا اعلان کیا ہے جس پر مقامی وقت کے مطابق رات 12 بجے عمل درآمد ہو گا۔

روس کے وزیرِ خارجہ نے دونوں ملکوں کے درمیان جنگ بندی کے معاملے پر آرمینیا اور آذربائیجان کے ہم منصبوں سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔ روسی وزیرِ خارجہ نے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران گزشتہ ہفتے روس میں ہونے والے سیز فائر معاہدے پر عمل درآمد پر زور دیا۔ روسی وزیرِ خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان تنازع کے حل کے لیے جامع مذاکرات کی اہمیت پر اتفاق ہوا ہے۔

واضح رہے کہ ناگورنو قرہ باغ کے تنازع پر دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ ماہ جھڑپیں شروع ہوئی تھیں، ان جھڑپوں میں اب تک 700 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔