اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف نے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ کے نام پیغام میں کہا ہے کہ ایرانی سپاہ کا نام عزت اور اقتدار کی عظيم بلندیوں پر درخشاں ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل محمد باقری نے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے آئين نامہ کی منظور کی سالگرہ کے موقع پر  سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ  میجر جنرل حسین سلامی کے نام پیغام میں کہا ہے کہ ایرانی سپاہ کا نام عزت ، اقتدار، پیشرفت اور ترقی  کی عظيم بلندیوں پر درخشاں ہے۔ میجر جنرل محمد باقری نے اپنے پیغام میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی گذشتہ 41 برسوں میں خدمات کو درخشاں قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی سپاہ نے دفاع مقدس سے لیکر ملک کی تعمیر و ترقی اور پیشرفت میں نمایاں کردار ادا کیا ہے ۔ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے دفاعی شعبہ میں خاطر خواہ پیشرفت حاصل کرکے ملک و قوم کی سلامتی ، اقتدار اور استقلال میں اہم اور نمایاں کردار ادا کیا ہے اور پرچم اسلام و ولایت کو اپنے مضبوط اور مستحکم ہاتھوں میں تھام رکھا ہے۔ میجر جنرل باقری نے اس موقع پر سپاہ کے سربراہ اور اہلکاروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپاہ  اپنے فرائض کو انجام دینے کے لئے ہمہ وقت آمادہ ہے ۔ سپاہ کی پشت پر اللہ تعالی اور حضرت بقیۃ اللہ (عج) کا  قوی اور مضبوط ہاتھ ہے اور اللہ تعالی انھیں ہر میدان میں فتح اور کامیابی سے سرافراز فرمائےگا۔