یمن کی اسلامی تنظیم انصار اللہ کے سربراہ نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل نے یمن کے خلاف کسی حماقت کا ارتکاب کیا تو اسے منہ توڑ اور تباہ کن جواب کا سامنا کرنا پڑےگا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے المیادین کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ یمن کی اسلامی تنظیم انصار اللہ کے سربراہ عبدالملک الحوثی نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل نے یمن کے خلاف کسی حماقت کا ارتکاب کیا تو اسے منہ توڑ اور تباہ کن جواب دیا جائےگا۔

عبدالملک الحوثی نے عراق اور لبنان کی صورتحال پر امریکہ اور اسرائیل کی خوشی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کا بھیانک اور ناپاک چہرہ مزید نمایاں ہوگیا ہے اور امت مسلمہ کو ایسے حالات پیدا کرنے سے پرہیز کرنا چاہیے جو امریکہ اور اسرائیل کی خوشحالی کا باعث بنیں۔

یمن کی اسلامی تنظیم انصار اللہ کے سربراہ نے کہا کہ ہم سیاسی، اقتصادی، فکری اور ثقافتی شعبوں میں حقیقی استقلال چاہتے ہیں۔ عالمی سامراجی طاقتیں امت مسلمہ پر کامل تسلط قائم کرنے کے لئے اپنے تمام وسائل کو استعمال کررہی ہیں۔

انصار اللہ کے سربراہ نے کہا کہ ہم سعودی عرب کے اتحاد کو سفارش کرتے ہیں کہ وہ یمن کا محاصرہ ختم کرکے جنگ کو بند کردیں ، ورنہ جنگ جاری رہنے سے ہماری فوجی طاقت اور قوت میں اضافہ ہوگا اور ہم دشمن پر مہلک ضربیں وارد کریں گے جو ہمارا جائز حق بھی ہے۔

عبدالملک الحوثی نے کہا کہ سعودی عرب یمن کا 120 ملین بیرل تیل چوری کررہا ہے سعودی عرب کو چوری سے باز آجانا چاہیے اور وہ جنگ کے ذریعہ یمنی قوم کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور نہیں کرسکتا ۔