اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خآرجہ کے ترجمان نے شام پر امریکہ ، برطانیہ اور فرانس کے میزائل حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایسی یکطرفہ کارروائیوں سے خطے اور دنیا کے امن پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خآرجہ کے ترجمان بہرام قاسمی  نے شام پر امریکہ ، برطانیہ اور فرانس کے میزائل حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایسی یکطرفہ فوجی کارروائیوں سے خطے اور دنیا کے امن پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ بہرام قاسمی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ شام میں امریکی جارحیت عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے ، اس اقدام سے شام کی سالمیت اور علاقائی خودمختاری کی پامالی ہوئی ہے۔ ایران کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی مذمت کرتا ہے لیکن اسے بہانہ بناکر خودمختار ممالک پر حملے کو بھی تسلیم نہیں کرتا بلکہ اس کی بھرپور مذمت کرتاہے۔
بہرام قاسمی نے مزید کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے کیمیائی ہتھیار وں کی روک تھام کی عالمی تنظیم کی رپورٹ کا انتظار کئے بغیر خود جج بن کر ایک خودمختار ملک کو جارحیت کا نشانہ بنایا اوربغیر ثبوت اور جلد بازی میں شام پر حملہ کیا ۔جس کے سنگین نتائج کی ذمہ داری جارح اور حملہ آور ممالک پر عائد ہوتی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ امریکہ شام میں مختلف بہانوں سے دہشت گردی کی حمایت جاریر کھے ہوئے ہے اور وہ شام سے دہشت گردی کے خآتمہ کے حق میں نہیں ہے۔ بہرام قاسمی نے کہا کہ امریکہ نے شام پر حملہ ایسے وقت کیا ہے جب امریکہ خود فلسطین میں اسرائلی جارحیت اور یمن میں سعودی جارحیت کی بھر پور حمایت کررہا ہے انھوں نے کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں  نے دنیا کے امن اور صلح کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔