وائٹ ہاؤس کی شمالی دیوار کے قریب فائرنگ ہوئی ہے جس میں ایک شخص نے خود کو گولی مار کر زخمی کردیا ہے سکیورٹی فورسز نے وائٹ ہاؤس کو بند کردیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے امریکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ وائٹ ہاؤس کی شمالی دیوار کے قریب  فائرنگ ہوئی ہے جس میں ایک شخص نے خود کو گولی مار کر زخمی کردیا ہے سکیورٹی فورسز نے وائٹ ہاؤس کو بند کردیا ہے۔ امریکی  ذرائع کے مطابق وائٹ ہاؤس کے باہر فائرنگ کی آواز سنی گئی جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے ہنگامی بنیادوں پر وائٹ ہاؤس اور اس کے اطراف کے علاقوں کا محاصرہ کرلیا، وائٹ ہاؤس کے دروازے بند کردیے گئے اور کسی کو آنے جانے کی اجازت نہیں دی جارہی۔ امریکی خفیہ ایجنسی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ  ابتدائی طور پر ایک شخص نے وائٹ ہاؤس کے باہر خود کو گولی مار لی جس سے وہ شدید زخمی ہے۔ فائرنگ کے واقعے میں ایک مرد کے علاوہ کسی اور کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے جب کہ میڈیکل ٹیمیں موقع پر پہنچ کر زخمی کوطبی امداد دے رہی ہیں۔امریکی میڈیا کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں نہیں ہیں اور وہ اس وقت  فلوریڈا میں موجود ہیں۔ امریکی صدر کو وائٹ ہاؤس کے باہر ہونے والی فائرنگ سے متعلق آگاہ کردیا گیا ہے۔