مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین حسن روحانی نے ہندوستان کی ریاست تلنگانہ کے شہرحیدر آباد کی مکہ مسجد میں نماز جمعہ ادا کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام مسلمانوں کو اتحاد کا مظاہرہ کرنے کے لئے ایک ساتھ نماز جمعہ ادا کرنی چاہیے۔ مسلمان دنیا کے تمام انسانوں کے لئے محبت ، پیار اور مہربانی کے خواہاں ہیں۔ صدر حسن روحانی نے کہا کہ اسلام محبت اور پیار کا دین ہے اسلام امن و صلح کاد ین ہے اگر ہم اسلامی تعلیمات کو دنیا کے سامن پیش کریں تو دنیا کے تمام انسان اسلام اور مسلمانوں سے محبت کریں گے۔
صدر حسن روحانی نے مسئلہ فلسطین کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مسلم ممالک نے باہمی اتحاد کے ساتھ بیت المقدس کے بارے میں امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرپ کی گھناؤنی سازش کو ناکام بنادیا۔ بیت المقدس فلسطین کا دائمی دارالحکومت ہے۔
صدرحسن روحانی نے کہا کہ ایران ہر مسلم ملک سے اچھے تعلقات کا خواہاں ہے اور ایران کے ہندوستان سے بھی اچھے اوربہتر تعلقات ہیں۔ انہوں نے مسلمانوں کے درمیان موجود اختلافات کا ذمہ دار مغربی ممالک کو قرار دیا۔ حسن روحانی نے کہا " ہندوستان آج ایک زندہ مثال ہے جہاں مختلف مذاہب کے لوگ ایک ساتھ رہتے ہیں اور یہ عمل طویل مدت سے جاری ہے"۔ روحانی نے کہا " شیعہ، سنی، صوفی، ہندو، سکھ اور دیگر عقائد کے لوگ ایک ساتھ رہتے ہیں۔"اس سے قبل صدر حسن روحانی نے حیدر آباد کے تاریخی اور ثقافتی مراکز کا دورہ کیا۔
اطلاعات کے مطابق حیدر آباد کی مکہ مسجد کی تعمیر کا کام 17-1616 میں شیعہ حکمران نے آغاز کیا تھا اور اسے سنی حکمراں نے مکمل کرایا تھا اور مسجد تعمیر کی نگرانی کرنے والا کنٹریکٹر اور ٹھیکیدار ایک ہندو تھا۔ اس طرح مکہ مسجد کو ہندوستان میں شیعہ اور سنی اتحاد اور ہندو مسلم ہم آہنگی کی علامت کے طورپر تصور کیا جاتا ہے۔