پاکستان نے افغانستان کو دہشتگردی اور کابل میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے سلسلے میں مشترکہ تحقیقات کی پیشکش کی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان نے افغانستان کو دہشتگردی اور کابل میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے سلسلے میں مشترکہ تحقیقات کی پیشکش کی ہے۔

پاکستان کی سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کی سربراہی میں پاکستانی وفد کابل کے دورے پر ہے جہاں پاک افغان پہلے ورکنگ گروپ کا اجلاس ہوا۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کی قیادت میں پاکستانی گروپ نے اجلاس میں شرکت کی۔ دفتر خارجہ اور اعلٰی عسکری حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ افغانستان پاکستان پر الزام تراشی سے اجتناب کرے، الزام تراشی کی بجائے دونوں ممالک تعاون کو مزید بہتر بنائیں۔ تہمینہ جنجوعہ نے افغانستان کو کابل میں ہونے والے حملے کی مشترکہ تحقیقات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کے حملوں کی مذمت کرتا ہے۔ سیکرٹری خارجہ نے افغانستان پر زور دیا کہ اپنے ہاں موجود پاکستان مخالف دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کرے اور اپنی حدود میں سرحدی حفاظت کا انتظام مضبوط کرے۔ جبکہ افغانستانی حکام نے بھی پاکستان سے اسی قسم کا مطالبہ کرے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان میں موجود دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرے اور انھیں افغانستان کے حوالے کرے۔