مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واشنگٹن میں خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مقبوضہ بیت المقدس کے حق میں اور امریکی صدر کے فیصلے کے خلاف ووٹ دینے والے ممالک کی امداد بند کرنے کی دھمکی دی ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس کے معاملے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں امریکہ مخالف ووٹ آنے کی پروا نہیں، وہ ہم سے لاکھوں نہیں، کروڑوں بلکہ اربوں ڈالر امداد لیتے ہیں اور ووٹ بھی ہمارے خلاف دیتے ہیں، وہ لوگ مخالفت میں ووٹ دیکر اپنا شوق پورا کرلیں۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہم نے پوری صورتحال پر نظر رکھی ہوئی ہے اور ایسے تمام ممالک کو دیکھ رہے ہیں اور مخالفت میں ووٹ دینے والوں کی امداد بند کردیں گے۔اس سے قبل اقوام متحدہ میں امریکی مستقل مندوب نکی ہیلی نے مختلف سفیروں کو خط میں دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ جنرل اسمبلی میں بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کئےجانے کے خلاف قرارداد کی حمایت کرنے والے ممالک کے نام صدرٹرمپ کو بتاؤں گی اور ایک ایک ووٹ کا حساب رکھا جائے گا۔واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مقبوضہ بیت المقدس کواسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے خلاف قرارداد مصر نے پیش کی تھی جسے امریکہ نے ویٹوکردیا تھا لیکن اب سلامتی کونسل کے فیصلے پر بحث کے لیے جمعرات کو اقوام متحدہ کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا ہے جہاں اس معاملے پر ووٹنگ بھی ہوگی۔ اور امریکی صدر نے امریکہ سے امداد لینے والے تمام ممالک کو امداد بند کرنے کی پیشگی دھمکی بھی دیدی ہے۔
اجراء کی تاریخ: 20 دسمبر 2017 - 23:27
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مقبوضہ بیت المقدس کے حق میں اور امریکی صدر کے فیصلے کے خلاف ووٹ دینے والے ممالک کی امداد بند کرنے کی دھمکی دی ہے۔