مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ قطر نے سعودی عرب اور اس کے تین اتحاد عرب ممالک بحرین ، مصر اور امارات کی معاندانہ پالیسیوں کو ناکام اور اپنا دفاع مضبوط بناتے ہوئے برطانیہ سے 24 جنگی طیارے خریدنے کا معاہدہ کرلیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق برطانیہ اور قطر نے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس میں لندن اپنے 24 ٹائیفون لڑاکا طیارے دوحہ کو فروخت کرے گا۔ سعودی عرب ، بحرین، مصر اور امارات کی طرف سے قطر کے ساتھ تعلقات ختم کرنے کے بعد دوحہ کا کسی دوسرے ملک سے یہ دوسرا بڑا دفاعی معاہدہ ہے۔ اس سے قبل رواں سال جون میں قطرنے امریکہ سے 12 ارب ڈالر کی لاگت سے ایف 15 جنگی جہاز خریدنے کی تصدیق کی تھی جب کہ 2016 میں فرانس سے 24 ڈسالٹ رافیل لڑاکا طیاروں کا معاہدہ کیا تھا جس کی مجموعی مالیت تقریباً 8 ارب ڈالر تھی۔ قطر کی جانب سے غیر عرب ممالک سے دفاعی نوعیت کے معاہدے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب رواں سال 5 جون کو سعودی عرب، بحرین، متحدہ عرب امارات اور مصر کی جانب سے دہشت گردوں کی مالی معاونت کے الزامات پر قطر کا بائیکاٹ اور تعلقات منقطع کرلیے گئے اور یہ صورتِ حال اب تک جاری ہے۔رپورٹ کے مطابق جنگی طیاروں کی خریداری کے معاہدے پر قطر کے وزیردفاع خالد بن محمد العطیہ اور ان کے برطانوی ہم منصب مائیکل فیلن نے دستخط کیے۔ قطر میں برطانوی سفیر نے بھی ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بتایا کہ برطانیہ اور قطر کے مابین جنگی طیاروں کا مذکورہ معاہدہ ان دونوں ممالک میں دفاعی تعلقات کو مستحکم کرنے کےلیے پہلا قدم ہے۔ ادھر قطر نے عملی طور پر سعودی عرب کی معاندانہ پالیسیوں کو شکست دیکر ثابت کردیا ہے کہ قطر دہشت گردوں کا حامی نہیں بلکہ سعودی عرب دہشت گردوں کا حامی ہے اور وہ اسلامی ممالک میں عدم استحکام پیدا کررہا ہے۔
اجراء کی تاریخ: 18 ستمبر 2017 - 11:40
قطر نے سعودی عرب اور اس کے تین اتحاد عرب ممالک بحرین ، مصر اور امارات کی معاندانہ پالیسیوں کو ناکام اور اپنا دفاع مضبوط بناتے ہوئے برطانیہ سے 24 جنگی طیارے خریدنے کا معاہدہ کرلیا ہے۔