عراق کے وزير اعظم حیدر العبادی نے ترک صدر اردوغان کے عراق کے بارے میں بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے ترکی کو خبردار کیا ہے کہ وہ عراق کی مسلح افواج اور رضاکارفورس کے بارے میں زبان درازی سے اجتناب کرے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے الیوم السابع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ عراق کے وزير اعظم حیدر العبادی نے ترک صدر اردوغان کے عراق کے بارے میں بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے ترکی کو خبردار کیا ہے کہ وہ عراق کی مسلح افواج اور رضاکارفورس کے بارے میں زبان درازی سے اجتناب کرے۔

عراقی وزیر اعظم نے کہا کہ عراقی فورسز اور رضاکار دستے عراقی عوام کی عزت اور عظمت کا مظہر ہیں جو عراقی قوانین کے مطابق ترکی کے حمایت یافتہ وہابی دہشت گردوں کے ساتھ نبرد آزما ہیں ۔ ترکی کو عراق کی رضاکار فورس کے بارے میں زبان درازی کرنے سے پرہیز کرنا چاہیے اور ہمسایہ ممالک کے امور میں مداخلت سے باز رہنا چاہیے۔

واضح رہے کہ ترک  صدر رجب طیب اردوغان نے عراق کی رضاکار فورس کو دہشت گرد قراردیا تھا جس کے بعد عراقی حکومت نے بغداد میں ترکی کے سفیر کو وزارت خارجہ میں طلب کرکے شدید احتجاج کیا تھا۔