امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے "اوول آفس " میں جرمنی کی سربراہ انجلا مرکل سے ایک موقع پر ہاتھ ملانے سے انکار کردیا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جرمنی کی سربراہ انجلا مرکل سے ایک موقع پر ہاتھ ملانے سے انکار کردیا۔ اطلاعات کے مطابق جرمن چانسلر انجلا مرکل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے لیے وائٹ ہاؤس پہنچیں۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان قریباً 30 منٹ تک دو طرفہ مذاکرات، تجارت اور نیٹو اتحاد سے متعلق معاملات سمیت دیگر معاملات پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے میڈیا سے بھی تفصیلی بات کی، اور ایک دوسرے سے ہاتھ بھی ملایا۔اس کے بعد دونوں رہنما وائٹ ہاؤس میں  "اوول آفس  "پہنچے، جہاں پہلے سے ہی میڈیا موجود تھا۔اطلاعات کے مطابق اوول آفس میں بظاہر ڈونلڈ ٹرمپ نے انجلا مرکل سے مصافحہ کرنے سے انکار کردیا یا اسے غیر اہم سمجھا، امریکی صدر نے جرمن چانسلر سے اوول آفس میں ہاتھ بھی نہیں ملایا۔